پاکستان
Time 09 جولائی ، 2021

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا امتحانات ملتوی نہ کرنے پر واک آؤٹ

میٹرک اور انٹر کے امتحانات ملتوی نہ کرنے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا اور ساتھ ہی کورم کی نشاندہی بھی کردی۔

قومی اسمبلی اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں سے متعلق نکتہ اعتراض پروفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ این سی او سی سے فلائٹس 67 فیصدتک بڑھانے کی درخواست کررکھی ہے اور  20 جولائی تک تمام پھنسے افراد کو باعزت طریقے سے ملک واپس لایاجائےگا۔

 ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق نےکہاکہ وزیر تعلیم شفقت محمود سے رابطہ کرکے کہا گیا طلبہ کے امتحانات ملتوی کریں لیکن ابھی تک حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا لہٰذا بتایا جائے کہ حکومت ایک امتحان لینے کے بعد طلبہ کو فیل کرکے 45 روزبعد پھر ضمنی امتحان کیوں لینا چاہتی ہے؟

پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجہیہ اکرم نے کہاکہ بلوچستان میں امتحانات مکمل ہوچکے، سندھ میں جاری ہیں اور جاری امتحانات کوکیسے مؤخرکیاجاسکتاہے؟

اس پر خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ اس کامطلب یہ ہوا کہ حکومت امتحانات مؤخر کرنے کے معاملے پراپوزیشن سے بات نہیں کرنا چاہتی۔ 

اس کے بعد مسلم لیگ ن سمیت دیگراپوزیشن جماعتیں ایوان سے واک آؤٹ کرگئیں جبکہ اس دوران (ن) لیگ کے شیخ فیاض الدین نے کورم کی نشاندہی کردی اور کورم پورا نہ نکلنے پر اجلاس پیرتک ملتوی کردیاگیا۔

مزید خبریں :