14 فروری ، 2012
اسلام آباد…الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم 37لاکھ رجسٹرڈ پاکستانیوں کو ووٹر لسٹوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں ووٹ کا حق دینے کیلئے سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر ہے، اس پر عدالت نے الیکشن کمیشن سے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے طریقہ کار اور تقاضوں سے متعلق جواب بھی مانگ رکھا ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں اجلاس ہوا ، ذرائع کے مطابق اجلاس نے فیصلہ کیا کہ رجسٹرڈ سینتیس لاکھ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا، اس مقصد کیلئے انکے نام ووٹرز لسٹوں میں شامل کئے جائیں گے ، یہ اقدام کئے جانے کے بعد اوورسیز پاکستانی ، عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے، اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ملک کی منتخب اسمبلیوں میں نشستیں مختص کرنے پر بھی غور کیا گیا۔