Time 04 اگست ، 2021
کھیل

ارشد ندیم نے اولمپک میڈل جیتا تو انعام دوں گا، حسن علی کا اعلان

حسن علی نے کہا کہ اگر ارشد ندیم فائنل میں میڈل حاصل کرتے ہیں تو وہ اپنی جانب سے انہیں انعام بھی دیں گے —فوٹو:فائل
حسن علی نے کہا کہ اگر ارشد ندیم فائنل میں میڈل حاصل کرتے ہیں تو وہ اپنی جانب سے انہیں انعام بھی دیں گے —فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی  نے  ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ٹوکیو اولمپکس میں  میڈل جیتنے کی صورت میں انعام دینے کا اعلان کردیا ۔

گیانا میں موجود حسن علی نے پاکستانی صحافیوں سے آن لائن گفتگو میں ایک سوال پر  ایتھلیٹ ارشد ندیم کی تعریف کی اور کہا کہ ایک چھوٹے سے گاؤں سے نکل کر اولمپک میں شاندار پرفارمنس دینا بڑی بات ہے، ہر کوئی اس کی پرفارمنس پر خوش ہے۔

اس موقع پر حسن علی نے کہا کہ اگر ارشد ندیم فائنل میں میڈل حاصل کرتے ہیں تو وہ اپنی جانب سے انہیں انعام بھی دیں گے۔

ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے 7 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔ ارشد ندیم ٹاپ تھری ایتھلیٹ کے طور پر ٹریک پر آئیں گے اور یقینی طور پر وہ پاکستان کیلئے میڈل کی ایک امید ہوں گے۔

اس کے علاوہ قومی فاسٹ بولر کا  کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز ضائع ہونے پر مایوسی ہے لیکن سیریز جیت پر خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے کافی پرجوش تھی اور کھلاڑی ہر میچ کیلئے تیار تھے لیکن بدقسمتی سے 4میں سے3  میچز بارش کی نذر ہوگئے ، یہ میچز کافی اہم تھے کیونکہ ٹاپ ٹیم کیخلاف ان کی ہوم کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ اعتماد دیتا ہے۔

ایک سوال پر حسن علی نے کہا کہ اب ٹیم کی نظریں ٹیسٹ سیریز  پر مرکوز ہیں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا سائیکل شروع ہورہا ہے اور پاکستان ٹیم اس سائیکل کا کامیابی سے آغاز کرنا چاہتا ہے، ٹیم متوازن ہے، کنڈیشنز سے فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ریڈ بال کرکٹ میں اچھی کارکردگی رہی ہے، کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھیں۔

حسن علی نے مزید کہا کہ بولنگ میں بہتری کی گنجائش ہے، تمام بولرز کوچ وقار یونس کی نگرانی میں کام کررہے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل خامیوں پر قابو پالیں گے۔

واضح رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 12 اگست سے ہورہا ہے۔

مزید خبریں :