21 اگست ، 2021
قندھار: طالبان کے مقامی سکیورٹی انچارج ملا جمعہ نے کہا ہےکہ شہریوں پر داڑھی کی پابندی سے متعلق قیادت سے کوئی حکم نہیں ملا۔
قندھار میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سکیورٹی انچارج ملا جمعہ نے کہا کہ چیکنگ کے دوران شہریوں سے مہذب انداز میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ نئی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے قواعد وضوابط جاری نہیں کیے۔
انہوں نے کہاکہ سیرگاہوں میں لوگوں کو معمول کے مطابق آنے جانے کی اجازت ہے، امن وامان میں خلل ڈالنے اور جرائم پیشہ افرادکے خلاف سخت کارروائی ہوگی جب کہ دوسرے علاقوں کے مسلح طالبان کے غیرضروری گھومنے پرپابندی ہے، دیگر علاقوں کے طالبان کی بھی چیکنگ اور اسناد دیکھی جاتی ہیں۔
سکیورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ شہریوں کی داڑھی ہو یا نہ ہو ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں اور شہریوں پر داڑھی کی پابندی سے متعلق قیادت سے کوئی حکم نہیں ملا۔
خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے۔
طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے۔