Time 28 اگست ، 2021
دنیا

امریکی انخلا آخری مراحل میں داخل، کابل ائیرپورٹ کے تین گیٹس کی سکیورٹی طالبان کے سپرد

افغانستان سے امریکی انخلا  آخری مراحل میں داخل ہوگیا جس کے بعد دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کے 3 دروازوں اور مختلف حصوں کی سکیورٹی طالبان کے سپرد کردی گئی۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی اور میجر جنرل ولیم ٹیلر نے پریس کانفرنس کی جس میں بتایا کہ افغانستان میں ڈرون حملےمیں داعش خراسان کے 2 جنگجو مارے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ ڈرون حملے میں داعش کا ایک جنگجو زخمی ہوا ہے تاہم اس حملے میں کسی سول شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔

ان کا کہنا تھاکہ کابل ائیرپورٹ پرسکیورٹی خدشات اب بھی موجود ہیں۔

 ترجمان کا کہنا تھاکہ گزشتہ دنوں 6800افراد کو کابل ائیرپورٹ سے نکالا گیا اور اب تک ایک لاکھ 17 ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے جن میں 5 ہزار400 امریکی بھی شامل ہیں۔

میجر جنرل ولیم ٹیلر کا کہنا تھاکہ افغانستان سے انخلا حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور اب کابل ائیرپورٹ سے امریکی فوجی بھی نکلنا شروع ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی فوج نے کابل ائیرپورٹ کے 3 دروازے اور مختلف مقامات خالی کردیے ہیں جس کے بعد ان کی سکیورٹی طالبان کے سپرد کردی گئی ہے۔

افغان میڈیا رپورٹس  کے مطابق طالبان نے بھی ائیرپورٹ کی سکیورٹی سنبھالنے کی تصدیق کی اور کہا کہ امریکی فوجی ائیرپورٹ کے 3دروازوں اور دیگر حصوں سے ہٹ گئے ہیں جس کے بعد ان خالی حصوں کا کنٹرول طالبان کے پاس ہے۔

مزید خبریں :