30 اگست ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے انگلینڈ میں کاؤنٹی ایکشن سے قبل کچن میں ایکشن شرو ع کردیا اور قرنطینہ میں وقت گزارنے کیلئے کھانا پکاناشروع کردیا۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے 36 سالہ بیٹسمین ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد سمر سیٹ کاؤنٹی کی نمائندگی کیلئے انگلینڈ پہنچے ہیں جہاں وہ اس وقت قرنطینہ میں ہیں اور ان کیلئے وقت گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
ایسے میں اظہر علی نے کچن میں کھانا پکانا شروع کردیاہےاور اس سفر میں اپنے فینز کو بھی شامل کرلیا۔
اظہر علی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لائیو کوکنگ کرتے ہوئے دال پکانا شروع کردی ، اس دوران وہ اپنے مداحوں سے گفتگو بھی کرتے رہے، انہوں نےفینز کے کرکٹ پر سوالات کے جواب بھی دیے۔
سیشن کے دوران اظہر علی متعدد بار اپنی اہلیہ سے مشورے بھی لیتے رہے کہ دال کو کس طرح پکانا ہے۔
اظہر علی نے جیو کو بتایا کہ انہوں نے یہ سرگرمی وقت گزارنے کیلئے کی، ورنہ کھانا تو فریج میں بھی رکھا ہوا تھا۔
اظہر علی اس سیزن میں بھی کاؤنٹی سمر سیٹ کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے، وہ اپنا لازمی قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد 5 ستمبر کو پہلا میچ کھیلیں گے،وہ فائنل تک اپنی ٹیم کو سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔