02 ستمبر ، 2021
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جاری پیرالمپک گیمز میں پاکستان کیلئے میڈل کی واحد اُمید حیدر علی کل ایکشن میں ہوں گے۔
پاکستانی پیرا ایتھلیٹ ایف 37 کیٹیگری کے ڈسکس تھرو مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔
ٹوکیو میں جاری پیرا لمپکس میں پاکستان کے 2 ایتھلیٹس شریک ہوئے، انیلہ عزت بیگ تو میڈل حاصل نہ کرسکیں اور اب اُمیدیں تمام حیدر علی سے وابستہ ہیں جو ایف 37 ڈسکس تھرو مقابلوں میں شریک ہوں گے۔
حیدر علی کا ایونٹ جمعے کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق6 بج کر55 منٹ پر شروع ہوگا۔
حیدر علی نے اس سے قبل پیرالمپکس میں لانگ جمپ مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے 2008 میں سلور میڈل جبکہ 2016 میں برانز میڈل جیتا تھا، تاہم اس بار وہ مختلف مقابلے کیلئے میدان میں اتریں گے۔
سریبرال پالسے (جسمانی معذوری ) کا شکار حیدر علی نے2019 میں دبئی میں ہونیوالے ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی ڈسکس تھرو مقابلوں میں حصہ لیا تھااور پاکستان کیلئے سلور میڈل جیتا تھا۔
سریبرال پالسے ایک ایسی بیماری ہے جس میں مبتلا شخص کے جسم کا ایک حصہ، دوسرے حصے کے مقابلے میں کمزور ہوتا ہے اور طرح کی تمام کنڈیشنز کے شکار پیرا ایتھلیٹس ان مقابلوں میں ایف37 کیٹیگری میں شریک ہوتے ہیں۔