03 ستمبر ، 2021
لاہور کی مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ سے دست درازی کے معاملے میں شناخت نہ ہونے والے 98 افراد کو مقدمے سے خارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس پر سماعت کی جہاں عدالت کے روبرو 98 زیر حراست افراد کو پیش کیا گیا۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کو گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ جیل میں 104 افراد کی شناخت پریڈ ہوئی جن میں سے 6 کو عائشہ نے شناخت کیا جبکہ 98 افراد کو شناخت نہیں کیا۔
زیر حراست افراد کی حاضری کے بعد مجسٹریٹ نے پولیس کی درخواست پر تمام 98 افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں جن افراد کی شناخت ہو گئی، وہ واقعے کے بنیادی کردار ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ایف آئی آر میں درج تمام 400 افراد واقعے میں ملوث نہیں، تفتیش جاری ہے اور ملوث دیگر افرا دکو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔