کھیل
Time 16 ستمبر ، 2021

شاہین آفریدی کو نئی کِٹ میں شاہد آفریدی کا نمبر مل گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کِٹ گہرے اور ہلکے سبز رنگ پر مشتمل ہے،فوٹو: پی سی بی/فائل
 پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کِٹ گہرے اور ہلکے سبز رنگ پر مشتمل ہے،فوٹو: پی سی بی/فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ون کرکٹ کی نئی کِٹ میں خود کو 10 نمبر والی شرٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے کِٹ کی رونمائی کردی ہے جو قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں زیب تن کرے گی۔

پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویرکے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کِٹ گہرے اور ہلکے سبز رنگ پر مشتمل ہے۔

نئی کِٹ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی شرٹ کا نمبر 10 ہےجو کہ اس سے قبل سابق کپتان شاہد آفریدی کی شرٹ کا نمبر ہوا کرتا تھا۔

ٹوئٹر پر نئی کِٹ زیب تن کیے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اپنی دو تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک شرٹ نمبر نہیں، یہ ایمانداری، خودداری اور پاکستان سے بے پناہ محبت کی نمائندگی کرتا ہے، مجھے فخر ہے کہ اب میں لالہ(شاہد آفریدی)کے 10 نمبر والی شرٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔

خیال رہےکہ کچھ عرصہ قبل شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہین آفریدی کے  لیےشاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور ان کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضامندی بھی ظاہرکی ہے، ایازخان کا کہنا تھاکہ شاہدآفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

اس حوالے سے شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے نمائندہ جیو کو بتایا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کے سلسلے میں  دو سال سے بات چیت چل رہی ہے۔

شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے بتایا کہ چونکہ شاہین شاہ آفریدی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہیں اس لیے منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائے گا۔

بعد ازاں شاہد آفریدی نے اپنی صاحبزادی کے لیے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا رشتہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ  دونوں خاندان رابطے میں ہیں، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور اگر اللہ تعالیٰ کی مرضی ہوگی تو یہ جوڑی بھی بن جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری دعائیں ہیں کہ شاہین آفریدی کرکٹ میں اورکرکٹ کے علاوہ بھی مسلسل کامیابیاں حاصل کریں۔

مزید خبریں :