Can't connect right now! retry

دنیا
24 ستمبر ، 2021

سخت سزائیں دی جائیں گی، سزائے موت اور ہاتھ کاٹنے کا دور لوٹ آئے گا: طالبان

کوئی بھی ہمیں نہیں بتائے گا کہ ہمارے قوانین کیا ہونے چاہئیں : ملانورالدین ترابی — فوٹوفائل
کوئی بھی ہمیں نہیں بتائے گا کہ ہمارے قوانین کیا ہونے چاہئیں : ملانورالدین ترابی — فوٹوفائل 

افغان طالبان کے بانی رہنماؤں میں سے ایک ملا نور الدین ترابی نے کہا ہے کہ افغانستان میں ایک بار پھر جرائم پر سزائے موت  اور  ہاتھ کاٹنے کی سزا کا دور لوٹ آئے گا تاہم ممکن ہے اس بار سزائیں سر عام نہ دی جائیں۔

امریکی خبر رساں ادارے (اے پی) کو کابل میں دیے گئے انٹرویو میں ملا نور الدین ترابی نے ماضی میں طالبان کی جانب سے دی جانے والی سزاؤں پر تنقید کو رد کرتے ہوئے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ افغانستان کے نئے حکمرانوں کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

کوئی بھی ہمیں نہیں بتائے گا کہ ہمارے قوانین کیا ہونے چاہئیں: ملانورالدین ترابی

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی  ہمیں نہیں بتائے گا کہ ہمارے قوانین کیا ہونے چاہئیں، ہم اسلام پر عمل کریں گے اور قرآن کی رو سے اپنے قوانین بنائیں گے۔

ملا نور الدین ترابی کے مطابق، سکیورٹی کے  لیے ہاتھ کاٹے جانے جیسی سزا  ضروری ہے کیوں کہ اس کا واضح اثر تھا، انھوں نے کہا  کہ کابینہ عوامی سطح پر سزا دیے جانے سے متعلق غور کررہی ہے تاہم  اس حوالے سے باقاعدہ ایک پالیسی تیار کی جائے گی۔

 سر عام سزائیں دی گئیں  تو لوگوں کو ویڈیوز اور تصاویر بنانےکی اجازت ہوگی تاکہ دوسرے لوگ بھی عبرت حاصل کرسکیں: طالبان 

انھوں نے کہا کہ اگر سر عام سزائیں دی گئیں تو لوگوں کو ویڈیوز اور فوٹوز لینے کی اجازت ہوگی تاکہ دوسرے لوگ بھی عبرت حاصل کرسکیں۔

طالبان رہنما  کا کہنا تھا کہ ماضی  میں اسٹیڈیم میں بھرے مجمع کے سامنے دی جانے والی سزاؤں کے حوالے  ہر کسی نے ہم پر تنقید کی لیکن ہم نے کبھی ان کی  سزاؤں اور قوانین کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

طالبان ماضی کے مقابلے اب تبدیل ہوگئے ہیں: ملا نورالدین ترابی

دوران انٹرویو ملا نورالدین ترابی نے یہ  بھی  بتایا کہ طالبان ماضی کے مقابلے اب تبدیل ہوگئے ہیں، اب طالبان ٹیلی ویژن ، موبائل ، تصاویر اور ویڈیوز کی اجازت دیں گے کیوں کہ یہ لوگوں کی ضرورت ہیں اور ہم اس حوالے  سے سنجیدہ ہیں۔

انھوں نے مزید  کہا کہ طالبان میڈیا کو اپنے پیغامات عوام تک پہنچانے کا ایک ذریعہ تسلیم کرتے ہیں جس کے ذریعے ہم اپنے پیغامات سیکڑوں کے بجائے لاکھوں افراد تک پہنچا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ تقریباً 60 سالہ نور الدین ترابی طالبان کی سابقہ حکومت میں وزیر انصاف تھے ۔

ان کا کہنا ہے کہ اس بار ججز (جن میں خواتین بھی شامل ہوں گی) کیسز کی سماعت کریں گے لیکن افغانستان کے قوانین کی اساس قرآن ہوگا۔

یاد رہے کہ نور الدین ترابی 1980 کی دہائی میں روس کیخلاف لڑتے ہوئے اپنی ایک ٹانگ اور آنکھ سے محروم ہوگئے تھے۔

طالبان کی نئی عبوری حکومت میں انہیں جیل خانہ جات کا انچارج بنایا گیا ہے۔ دیگر طالبان کابینہ ارکان کی طرح نور الدین ترابی پر بھی اقوام متحدہ نے پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

ملا ترابی کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ قوانین پر سختی سے عمل کروانے اور سمجھوتہ نہ کرنے والوں میں سے ہیں۔

مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM