پاکستان
Time 25 ستمبر ، 2021

وزیراعظم کے اقوام متحدہ سے خطاب میں ریگن کی تقریرکا حوالہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں سابق امریکی صدر ریگن کے ایک خطاب کا بھی حوالہ دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث چھڑگئی کہ  ریگن نے یہ بیان دیا تھا یا نہیں !

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں سابق امریکی صدر رونلڈ ریگن کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ رونلڈ ریگن نے 1983 میں افغان مجاہدین کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا تھا اور خبروں کے مطابق انہوں نے افغان مجاہدین کا امریکا کے 'فاؤنڈنگ فادرز' سے موازنہ کیا تھا۔

اس پر ایک خاتون صحافی نے ٹوئٹ کیا کہ سابق امریکی صدر ریگن نے تو ایسی بات کبھی کہی ہی نہیں، وزیراعظم کی تقریر میں جس نے یہ غلط اطلاع لگائی اسے نوکری سے نکال دینا چاہیے۔

خاتون صحافی کی ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ تقریر نویس کو نہیں بلکہ وزیراعظم کو نوکری سے نکال دینا چاہیے۔

اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے ایک ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ رونلڈ ریگن نے واقعی وہ بات کہی تھی جس کا ذکر عمران خان نے اپنے خطاب میں کیا۔

تاہم کچھ ہی دیر بعد کسی نے رونلڈ ریگن کی اصل ویڈیو شیئر کر کے بتایا کہ ریگن نے افغان مجاہدین کا نہیں بلکہ نکاراگوا کے باغیوں کا ذکر کرتے ہوئے وہ بات کہی تھی۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اظہر مشوانی نے اپنی غلطی تسلیم کرکے معذرت کرلی، تاہم یہ بھی کہا کہ سابق صدر ریگن کے خطاب کا پس منظر وہی تھا۔


مزید خبریں :