26 ستمبر ، 2021
نامور کامیڈین عمر شریف کی امریکا منتقلی میں مزید تاخیر ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ائیر ایمبولینس کی پاکستان آمد کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی کردی گئی ہے۔
ائیر ایمبولینس کمپنی نے سی اے اے حکام کو آگاہ کردیا ہے، ائیر ایمبولینس 12 گھنٹے تاخیر سے کل صبح 11 بجے کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرےگی، ائیر ایمبولینس منیلا فلپائن سے کراچی پہنچےگی۔
ذرائع کے مطابق روانگی سے پہلے ائیرایمبولینس کی کراچی ائیر پورٹ پر ری فیولنگ ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کراچی سے روانگی کے بعد پرواز کا پہلا اسٹاپ نیوریمبرنگ جرمنی پر ہوگا جس کے بعد اگلے مرحلے میں ائیرایمبولینس کی کیفلاوک آئس لینڈ سے ری فیولنگ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آخری مرحلے میں گوس بے کینیڈا میں 2 گھنٹے کا اسٹاپ کرتے ہوئے ائیرایمبولینس امریکا پہنچےگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز واشنگٹن ڈی سی ائیر پورٹ پر لینڈ کرے گی جس کے بعد عمر شریف کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کردیا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ائیر ایمبولینس کی آمد اور روانگی کی درخواست موصول ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ سی اے اے کا شعبہ ائیرٹرانسپورٹ باقاعدہ نوٹیفیکشن کے تحت ائیر ایمبولینس کو اجازت دے چکا ہے۔
اس کے علاوہ عمر شریف کی بیرون ملک منتقلی کے لیے سی اے اے حکام کی جانب سے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے کر ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔