28 ستمبر ، 2021
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو الزامات کے معاملے پر جواب جمع کرانےکی مہلت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو 3 ہفتوں تک جواب جمع کرانے کی مہلت دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مقررہ وقت پر جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی،الزامات کے ثبوت فراہم نہ کرنے پر توہین کمیشن کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے، اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔
اس کے بعد وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس بھی کی تھی جس میں بھی الزام تراشی کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الزام تراشی پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو 16ستمبر کو نوٹس بھجوائے تھے اور دونوں وزراکو جواب دینے کے لیے7 دن کا وقت دیا تھا۔
بعد ازاں 23 ستمبر کو وفاقی وزرا نے الیکشن کمیشن کو نوٹسز کا جواب دینے کے لیے مہلت مانگی تھی۔