Time 04 اکتوبر ، 2021
کھیل

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات پر جمی برف پگھلنے لگی

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات پر جمی برف پگھلنے لگی —فوٹو: فائل
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات پر جمی برف پگھلنے لگی —فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف) دفاتر کا کنٹرول رکھنے والے اشفاق حسین گروپ نے فیفا کی نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی(این سی) سے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کردی اور معاملات کو آگے بڑھانے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی بنادی ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن اشفاق حسین گروپ کے مطابق، اتوار کی شب ہونیوالے ایک اجلاس میں ایک 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

ملک عامر ڈوگر کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی فیفا نارملائزیشن کمیٹی اور حکومت کے ساتھ پی ایف ایف الیکشن کے عمل پر مذاکرت کرے گی۔

کمیٹی کے رکن شرافت بخاری نے اس بات کی تصدیق کی کہ فٹبال کو آگے بڑھانے کیلئے افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کرنا ہے اس لیے بات چیت سے تنازع کو حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ میں اشفاق گروپ نے فیفا نارملائزیشن کمیٹی سے فٹبال ہاؤس کے اختیارات لے لیے تھے جس کے بعد فیفا نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا تھا، تاہم این سی کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام جاری رکھنے کو کہا گیا تھا۔

فیفا نے 2 روز قبل نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں بھی اضافے کا اعلان کرتے ہوئے اس کو 31 دسمبر 2021 تک کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور فیفا کی جانب سے واضح اشارے ملنے کے بعد اشفاق گروپ نے اپنا مؤقف تبدیل کیا ہے اور بہت جلد پی ایف ایف دفاتر کا کنٹرول بھی فیفا کی نامزد کردہ کمیٹی کے حوالے کردیا جائے گا۔

دوسری جانب فیفا کی پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے پیر کو وفاقی وزیر بین الصوبائی امور فہیمدا مرزا سے آن لائن میٹنگ کی جس میں الیکشن روڈ میپ اور  پی ایف ایف کے آئین پر بات کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی سی (بین الصوبائی رابطہ ڈویژن) کی وزارت پی ایف ایف معاملات کے حل میں ثالث کا کردار ادا کررہی ہے، الیکشن عمل میں بھی آئی پی سی کی وزارت سے ایک نمائندہ بطور آبزرور شامل ہوگا۔

مزید خبریں :