09 اکتوبر ، 2021
کراچی میں افغان ڈکیت گینگ کُرکُرے نے پولیس کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور درجنوں وارداتوں میں ملوث گینگ کے 100 سے زائد کارندوں میں سے ایک بھی پکڑا نہیں جا سکا ہے۔
کراچی کے پوش علاقوں کلفٹن اور ڈیفنس میں گھروں میں لوٹ مار کی وارداتیں پے در پے جاری ہیں، شہری بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور نقد رقم سے محروم ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے کیونکہ پولیس ان واقعات میں ملوث ڈاکوؤں کے گروہ کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے بعد بھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے اور اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ وارداتوں کے لیے سفید اور سلور کورولا گاڑی استعمال کرتا ہے اور ہر ڈکیتی میں مختلف جعلی نمبر پلیٹ استعمال کی جاتی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ڈیفنس کلفٹن میں ڈاکوؤں کے دو گروہ سرگرم ہیں جن میں سے 60 فیصد کارروائیاں "کُرکُرے" گینگ نےکی ہیں جس کے 100 سے زائد کارندے سر گرم ہیں، افغان گینگ کُرکُرے اور دوسرے ڈکیت گینگ کو جلد گرفتار کرلیں گے۔
کلفٹن اور ڈیفنس میں لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے میں پولیس کی ناکامی پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پوش علاقوں کو پرامن بنانے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔