04 اکتوبر ، 2021
کراچی میں 20 کروڑ روپےکی ڈکیتی کےکیس میں ملزمان تو پکڑےگئے تاہم پورے پیسے ہاتھ نہ آئے۔
سکیورٹی وین سے نجی بینک کے 20 کروڑ روپے لےکر فرار ہونے والے ملزمان سے پولیس نے اب تک صرف 4 کروڑ روپے ہی ریکورکیے ہیں۔
دوسری جانب پشاور میں گرفتار مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو تحویل میں لینے کے لیے کراچی کی پولیس وہاں پہنچ گئی ہے،کراچی پولیس بھی مجموعی طورپر ملزمان کے 13سہولت کاروں سے 3 کروڑ روپے برآمدکرچکی ہے۔
خیال رہےکہ تینوں ملزمان کوگذشتہ روز پشاورکے علاقے تہکال سےگرفتارکیا گیا تھا، اس دوران ملزمان سے نقدی اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ بینک کی گاڑی لوٹنےکی واردات میں ڈرائیور بھی شریک تھا، ملزمان گاڑی کے تعاقب میں تھے ، بینک کی گاڑی کے ڈرائیور کو ڈرامائی انداز میں اسلحے کی نوک پر روکا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بینک کی گاڑی کا ڈرائیور ملزمان کے ساتھ رابطے میں تھا، نامعلوم مقام پر ملزمان رقم تقسیم کر کے دوسری گاڑی میں روانہ ہو گئے تھے۔
یاد رہےکہ یہ واقعہ اگست میں کراچی کی آئی آئی چندریگر روڈ پر پیش آیا تھا، واقعے کا مقدمہ سکیورٹی کمپنی کی مدعیت میں میٹھادر تھانے میں درج کیا گیا تھا۔