Time 28 اکتوبر ، 2021
کھیل

حارث رؤف نے ڈیتھ اوورز میں شاندار بولنگ کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی

اننگز کے ایک ایسے موقع پر جب بولرز کی پٹائی معمول کی بات ہے، حارث پر صرف ایک باونڈری لگی— فوٹو:فائل
اننگز کے ایک ایسے موقع پر جب بولرز کی پٹائی معمول کی بات ہے، حارث پر صرف ایک باونڈری لگی— فوٹو:فائل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حارث رؤف نے دو میچز میں ڈیتھ اوورز کے دوران شاندار بولنگ کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیتھ اوورز اننگ کے 16 ویں سے 20 واں اوور ہوتا ہے، عام طور پر اننگز کے اس حصے میں بولرز کی پٹائی ہونا معمول کی بات ہے مگر حارث رؤف نے ورلڈ کپ کے دونوں میچز میں بیٹرز کو بڑے شاٹس مارنے نہیں دی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں حارث رؤف نے ڈیتھ اوورز میں دو، دو اوورز کرائے اور دونوں میچز میں مجموعی طور پر صرف 23 رنز دیے جس میں ایک رن بائی اور ایک لیگ بائی کا ہے۔

ان ڈیتھ اوورز کے دوران حارث نے چار وکٹیں لیں اور انہیں صرف ایک ہی باؤنڈری لگ سکی۔

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام سے منظر عام پر آنے والے حارث رؤف نے اپنے ڈیبیو سے اب تک 25 میچز میں 33 وکٹیں حاصل کی۔

24 جنوری 2020کو حارث کا ڈیبیو ہوا تھااور اس تاریخ سے اب تک صرف جنوبی افریقا کے تبریز شمسی حارث سے زیادہ وکٹیں حاصل کرپائے جبکہ تبریز نے اس دورانیے میں 38 وکٹیں لیں۔

حارث کی ان 33 وکٹوں میں 23 وکٹیں ڈیتھ اوورز میں آئیں، دائیں ہاتھ سے بولنگ کرانے والے حارث رؤف کا ڈیتھ اوورز میں اکانومی ریٹ 7.89 ہے جو ماہرین کے مطابق ٹی ٹوئنٹیز کے آخری اوورز میں ایک قابل قدر اکانومی ریٹ ہے۔

مزید خبریں :