پاکستان
Time 12 نومبر ، 2021

بھارت سے گندم کی فراہمی، وزیراعظم کی افغانستان کی درخواست پر غور کی یقین دہانی

وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے افغان عوام کیلئے امداد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

وزیراعظم نے پاکستان اور خطے کیلئے پرامن، مستحکم اورخودمختار افغانستان کی ضرورت اور منجمد افغان اثاثوں کی فوری بحالی پر بھی زور دیا۔

وزیر اعظم نے آگاہ کیا کہ موجودہ تناظر میں پاکستان انسانی ہمدردی کے مقاصد اور طریقہ کار کے مطابق غیر معمولی بنیادوں پر پاکستان کے راستے بھارت کی طرف سے پیش کردہ گندم کی نقل و حمل کیلئے افغان بھائیوں کی درخواست پر احسن طریقے سے غور کرے گا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی اور دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات افغانستان کے استحکام کو تقویت دیں گے، امید ہے افغان عبوری حکومت بین الاقوامی برادری سے تعمیری رابطے جاری رکھے گی اور موجودہ مشکلات سے نمٹنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے عوام کی نقل و حرکت، تجارت، ٹرانزٹ اور علاقائی رابطوں کی سہولت کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں :