17 نومبر ، 2021
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعتراف کیا ہےکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں مردم شماری صحیح نہیں ہوئی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھرکی مردم شماری درست نہیں کی گئی، یہ نااہل لوگ آئین کی پاسداری نہیں کر رہے، 29 مئی کو صوبائی کابینہ نے مردم شماری کا معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا ، معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجا تھا لیکن اسپیکر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہیں بلایا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے،لوگوں سے اشارے مل رہے ہیں کہ ان سے ہماری جان چھڑائیں، فون کالز آرہی ہیں اور جا رہی ہیں کہ ہمیں بچاؤ۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے، اگرکوئی صوبےمیں صحیح کام کر رہا ہو تو وفاق ان افسران کو صوبے میں سے نکال دیتا ہے، موجودہ حکومت کو آئین کی کوئی سمجھ نہیں، حکومت کو دیکھ کریہی سمجھ آتا ہےکہ ہم تو ڈوبےہیں صنم تم کو بھی لےڈوبیں گے۔