پاکستان
23 اکتوبر ، 2012

جرمن کمپنی ،سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے متاثرین کو معاوضہ دینے کیلیے تیار

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…جرمن کمپنی کراچی گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو لاکھوں ڈالر معاوضہ دینے کیلئے تیار ہے۔ جرمن جریدے دی اشپیگل کے مطابق جرمن کمپنی کک آتشزدگی میں جاں بحق تقریبا 250افراد کے لواحقین کو فی کس 1930ڈالر کے حساب سے معاوضہ دینے کیلئے تیار ہے جو مجموعی طور پر 5لاکھ ڈالر بنتا ہے۔ پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے نمائندے ناصر منصور کے مطابق معاوضے کی یہ رقم انتہائی ناکافی ہے۔ ان کے بقول یہ بھی نہیں پتہ کہ لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کب اور کیسے کی جائے گی۔ واضح رہے کہ آتشزدگی سے تباہ ہونے والی فیکٹری کے نام سے جینز گارمنٹ بناتی تھی جسے کک کمپنی 15.99یورو فی پروڈکٹ کے حساب سے فروخت کرتی تھی۔ کک کمپنی نے اعتراف کیا تھا کہ 75فیصد مال اسے آتشزدگی سے متاثرہ کمپنی علی انٹرپرائز سے فراہم کیا جاتا تھا جبکہ علی انٹرپرائز کا کہنا تھا کہ وہ کک کمپنی کو 90فیصد مال فراہم کرتے تھے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان اور سندھ نے جاں بحق ہونے والے فی کس کے حساب سے سات لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جرمن کمپنی کک کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی کا فائدہ ان لواحقین کو ہوگا جنہیں سندھ یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ جریدے نے لکھا ہے کہ متاثرین کے لواحقین میں سے اکثر نے شکایت کی ہے کہ معاوضے کی مد میں ملنے والے چیک تاحال کیش نہ ہوسکے، جبکہ بعض کے تو بینک اکاوٴنٹ ہی نہیں جہاں وہ چیک جمع کرا سکیں۔جریدے نے لکھا کہ ہلاکتون کے اعدا د شمار مینن بھی کنفیوژن ہے ،مقامی طور پر تین سو افراد کی ہلاکت کا کہا گیا ،سرکاری طور پر ابھی تک 63افراد لاپتہ ہیں جب کہ29لاشیں ہیں جن کی شناخت نہیں کی جاسکیں۔

مزید خبریں :