Time 28 نومبر ، 2021
پاکستان

ن لیگ لوگوں کو لالچ دے کر الیکشن لڑتی ہے، فواد کا ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو پر تبصرہ

وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے لاہور میں ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ 2 ہزار روپے میں ووٹ خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے، ن لیگ لوگوں کو لالچ دے کر الیکشن لڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ووٹنگ مشین لانے کی بات پر سب سے زیادہ گھبراہٹ ن لیگ اورپیپلزپارٹی کوہوتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ن لیگ کو سیاست چھوڑ کر فلمیں بنانے کا مشورہ دیا اور کہاکہ جب بھی نوازشریف اور مریم نوازکا کیس لگتا ہے لیکس آجاتی ہیں، رسیدیں دیں یا پھرجیل جائے اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

پیپلزپارٹی سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی زرداری اور بلاول کی پارٹی ہے، یہ بینظیر والی پارٹی نہیں، پیپلزپارٹی کا اندرونِ سندھ کے علاوہ اورکہیں ووٹ نہیں۔

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز سے قرآن پاک پر حلف لیکر ووٹ خریدنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

این اے 133 ضمنی الیکشن کی انتخابی جنگ حلقے سے نکل کر سوشل میڈیا پر آ گئی ہے اور پیسوں کے بدلے ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔

مزید خبریں :