Time 16 دسمبر ، 2021
کھیل

’ویسٹ انڈینز کو خدشہ تھا مزید ٹیسٹ مثبت آئے تو کرسمس پر گھر نہیں جاسکیں گے‘

حالات سے لگ رہا ہے کہ شاید دبئی میں ٹرانسٹ کے دوران پلیئرز کو کووڈ لگ گیا، کووڈ کے حوالے سے ہمارے پروٹوکول طے تھے، سی او او پاکستان کرکٹ بورڈ— فوٹو: فائل
حالات سے لگ رہا ہے کہ شاید دبئی میں ٹرانسٹ کے دوران پلیئرز کو کووڈ لگ گیا، کووڈ کے حوالے سے ہمارے پروٹوکول طے تھے، سی او او پاکستان کرکٹ بورڈ— فوٹو: فائل

ویسٹ انڈین کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی ہوگئی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز جون 2022 تک ملتوی کی گئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کےکھلاڑی آج میچ کے بعد روانہ ہوجائیں گے، جن کھلاڑیوں کا کورونا مثبت آیا وہ اور آفیشلز قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد وطن روانہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے اس حوالے سے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پچھلا ایک ہفتہ کافی مشکل رہا ، خاص طور پر پچھلے 24 گھنٹے کافی مشکل تھے، دونوں بورڈز مسلسل رابطے میں تھے۔

سلمان نصیر نے بتایا کہ 3 ویسٹ انڈین پلیئرز کا ٹی ٹوئنٹی سیریز سے پہلے کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، کل رات مزید کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کا مثبت ٹیسٹ آیا، ایک پلیئر زخمی تھا، ویسٹ انڈیز کے اپنے پلیئرز پریشان تھے ، ٹیم اسٹرینتھ بھی متاثر ہوئی، پلیئرز کو خدشہ تھا کہ مزید ٹیسٹ آئے تو کرسمس پر گھر نہیں جاسکیں گے۔

سلمان نصیر نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کا مؤقف تھا کہ وہ ون ڈے کیلئے 11 کھلاڑی فیلڈ نہیں کرسکتا۔ جون کے پہلے ہفتے میں ان میچز کو ری شیڈول کریں گے مشکل حالات ہیں، کووڈ ایک حقیقت ہے، اس کی وجہ سے اسپورٹس پر کافی اثر پڑ رہا ہے، بائیو سکیور ببل کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

سی او او پی سی بی نے کہا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو کہاں سے کورونا وائرس لگا، حالات سے لگ رہا ہے کہ شاید دبئی میں ٹرانسٹ کے دوران پلیئرز کو کووڈ لگ گیا، کووڈ کے حوالے سے ہمارے پروٹوکول طے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے اضافی 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر بھی بات ہوئی، میڈیکل ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد آج کا میچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، گراؤنڈ پر اوپن ایریا میں ویسٹ انڈین پلیئرز سے پاکستانی پلیئرز کو وائرس لگنے کے امکانات کم تھے۔

سلمان نصیر نے کہا کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز ہمارے ازالے کیلئے آئندہ تین اضافی ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا، ہمارے دورہ نیوزی لینڈ ملتوی ہونے اور آج کی صورتحال میں کافی فرق ہے، سیریز کے پروٹوکولز دونوں ملکوں کے میڈیکل بورڈز مل کر طے کرتے، یہ سکیورٹی کا مسئلہ نہیں تھا کہ اس کی وجہ سے دوسری ٹیموں کے دوروں پر فرق آئے ، آسٹریلوی ٹیم کے دورے پر اس معاملہ کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فلاح ضروری تھی، اس کو دیکھ کر فیصلہ کیا،  پی ایس ایل میں اضافی محتاط ہونا ہوگا ، کراچی میں کوشش کر رہے ہیں کہ پورا ہوٹل بک کرلیں جہاں باہر کا کوئی فرد نہ ہو۔

خیال رہے کہ کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 14کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریزکھیلنے کو تیار نہیں تھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ مہمان ٹیم کو سیریز کھیلنے پر قائل کرنے کیلئے کوشاں تھا۔

ویسٹ انڈیز ٹیم کے 21 کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے آئے تھے جس میں 6 کھلاڑی کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ ایک ویسٹ انڈین پلیئر انجری کے باعث دورے سے باہر ہوگیا ہے۔

ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل 14ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں جو پاکستان کیخلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے میں مصروف ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز ہفتہ 18 دسمبر سے کراچی میں ہی شروع ہونی تھی۔

مزید خبریں :