26 اکتوبر ، 2012
لاہور…سابق وفاقی وزیر قانون افتخار گیلانی اور خیبر پختونخواہ اسمبلی کے سابق رکن اور تحریک انصاف کوہاٹ کے رہنما افتخار الدین خٹک نے تحریک انصاف سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کااعلان کر دیا۔ جمعہ کو رائے ونڈ جاتی امراء میں دونوں رہنماؤں نے (ن)لیگ کے صدر میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف‘سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا ‘پیر صابر شاہ ‘مہتاب خان عباسی سینیٹر پرویز رشید اور امیر مقام بھی موجودتھے ۔ نوازشریف نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی (ن)لیگ میں شمولیت کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہاکہ دونوں رہنماؤں کی شمولیت سے مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخواہ میں مزید مضبوط ہوگی اور دونوں رہنما (ن)لیگ کے لئے بہتر کردار ادا کریں گے جبکہ اس موقع پر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہی پاکستان کو درپیش مسائل سے باہر نکال سکتے ہیں ۔