23 دسمبر ، 2021
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گریگ چیپل نے اگلے سال آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کردی۔
ایک آسٹریلوی اخبار کیلئے کالم میں گریگ چیپل لکھتے ہیں کہ اُمید ہے اگلے سال فل اسٹرینتھ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی کیوں کہ ٹیسٹ کرکٹ کی صحت بہتر کرنے کیلئے یہ دورہ بہت ضروری ہے۔
48 ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے گریگ چیپل نے ایک اخباری کالم میں اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا کا جائزہ وفد پاکستان میں اقدامات سے مطمئن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ضروری ہے تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کو بچایا جاسکے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسا مہمان نواز ملک کوئی اور نہیں، ذاتی تجربہ ہے کہ پاکستان میں مہمان ٹیموں کو سربراہ مملکت کے برابر سکیورٹی ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دور کے عظیم آلراؤنڈر تھے، اب ان کے وزیر اعظم ہونے سے کرکٹ کی دنیا کا اعتماد بڑھے گا۔
سابق کپتان نے کہا کہ شین واٹسن پی ایس ایل کھیل چکے ہیں اور انہیں اندازہ ہے کہ پاکستان میں کیسے حالات ہیں۔
چیپل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بہترین ٹیلنٹ ہے، بابر اعظم، رضوان اور شاہین بہترین کرکٹرز ہیں۔آج دنیا کرکٹ کو ایک مضبوط پاکستان کرکٹ کی بہت ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور پلیئرز ایسوسی ایشن ٹیم کو بتائے کہ یہ دورہ کرکٹ کیلئے کیوں اہم ہے،
انہوں نے انڈین ٹیم کے کوچ کے طور پر پاکستان کا دورہ کرنے کو یاد کرتے ہوئے ذکر کیا کہ بطور انڈین ٹیم کوچ پاکستان کا دورہ کیا تھا ، اندازہ ہے کہ ان دونوں ملکوں کی کرکٹ کتنی اہم ہے۔
سابق آسٹریلین کپتان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ویرات کوہلی اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل ایکبار پاکستان کا دورہ ضرور کرنا چاہیں گے۔
واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق آسٹریلین ٹیم آئندہ سال مارچ ،اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پی سی بی کے مطابق دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔