28 دسمبر ، 2021
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی اصل کہانی سامنے آگئی۔
کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے جیو نیوز کو بتایا کہ واقعے پر ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار، 2 مخبر سمیت 8 افراد گرفتار ہیں، گرفتار ایس ایچ او اور اہلکار قابل اطمینان جواب نہیں دے سکے ہیں اور ملکیت کے تناز ع پر پولیس کیوں شامل ہوئی یہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کراچی چیف کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ پولیس پارٹی مکان خالی کروانے گئی تھی، ایک شخص نے مکان بیچا تھا اور اس کے بچے قبضہ نہیں دے رہے تھے جس پر ایس ایچ او اپنی نفری کے ہمراہ دوسرے ضلع میں گیا تھا، اس بات کا کوئی جواز موجود نہیں تھا اور نہ ہی اس کا سینئرز کو علم تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں جوہرآباد پولیس نے پیرآباد تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر مکان پر چھاپہ مارا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد ہلاک اور پولیس اہلکار سمیت 2 زخمی ہوئے۔