27 اکتوبر ، 2012
کراچی…وزیرداخلہ رحمان ملک سے کراچی میں ہفتے کی شام کو صنعتکاروں نے ملاقات کی،اورامن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ادھر کراچی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری نے تاجروں کی ہڑتال کے حوالے سے اپنے فیصلے کو برقراررکھا ہے ،اس سلسلے میں تاجررہنماسراج قاسم تیلی کا کہنا ہے کہ انکی تنظیم 10نومبر کی ہڑتال کے اپنے فیصلے پر قائم ہے۔واضح رہے کہ ہفتے کی شام کو فاق ایوان ہائے صنعت وتجارت نے اپنے رہنماؤں کی گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد ہڑتال15دن کیلیے موٴخرکرنے کا اعلان کیا تھا۔فاق ایوان صنعت وتجارت نے8نومبرکوہڑتال کی کال دی تھی۔تاہم کراچی چیمبرآف کامرس نے ایف پی سی سی آئی کے اس فیصلے سے اتفاق نہیں کیااور ہڑتال کافیصلہ برقراررکھاہے۔کراچی چیمبرآف کامرس نے10نومبرکوہڑتال کی کال دی ہے۔دریں اثناء گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی چیمبر آف کامرس کے رہنماوٴں سے بھی شام میں گفتگوہوئی ہے ، اور کراچی چیمبرکے رہنمابھی ہڑتال کے حوالے سے بہت جلداپنے فیصلے سے آگاہ کرینگے۔