06 جنوری ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر عابد علی کی میڈیکل رپورٹس حوصلہ افزاء آئی ہیں جس کے بعد انہیں سفر کی اجازت مل گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر عابد علی اگلے ایک دو روز میں کراچی سے لاہور کا سفر کریں گے۔
عابد علی نے تقریباً دو ہفتے کراچی میں ڈاکٹرز کی نگرانی میں ری ہیب کیا، عابد علی کو پلان دے دیا گیا ہے وہ لاہور میں مزید ری ہیب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق عابد علی کی میڈیکل رپورٹس مختلف ماہرین کو دکھائی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ عابد علی گزشتہ ماہ قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران دل کی تکلیف کا شکار ہوئے جس کے بعد ان کے دل کی شریانوں میں دو اسٹنٹ ڈالے گئے تھے۔
اسٹنٹ ڈالنے کے بعد عابد علی کو کراچی میں بحالی کے عمل سے گزرنے کی تجویز دی گئی تھی۔