پاکستان

محمود آباد نالے کی تعمیر نو کے باوجود لوگ پریشان، حادثے کا خطرہ

کراچی میں محمود آباد نالے کی تعمیر  نو  تو کردی گئی لیکن اہل علاقہ نالے کی تعمیر کے بعد زيادہ پریشان ہوگئے ہیں۔

کراچی کے علاقے محمود آباد کے مرکزی نالے کی صفائی تو کرادی گئی مگر نالہ اوپر سے بند نہ ہونے کے باعث اہل علاقہ اسے عبور کرنے سے قاصر ہیں اور انتظامیہ نے کوئی پُل بھی تعمیر نہیں کیا۔

محمود آباد نالے پر تجاوزات کے خاتمے اور اسے چوڑا کرنے کا بیڑا وفاقی حکومت نے اٹھایا تھا، نالے کے اطراف دیوار اور سڑک کی تعمیر منصوبے کا حصہ تھی۔ 3.5 کلومیٹر طویل محمودآباد نالہ تین ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگیا، بارہ بارہ فٹ چوڑی سڑک بھی بن گئی لیکن جس عوام کیلئے اربوں خرچ کیے گئے ان کی سہولت کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔

سڑک تعمیر تو کردی گئی مگر فٹ پاتھ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے جبکہ اس سے قبل نالے کے اوپر کنکریٹ ہونے کی وجہ سے لوگ اسے  با آسانی پار کرلیتے تھے جبکہ اب ایسا لگتا ہے کہ کسی پلِ سراط سے گزرنا ہے کیونکہ لکڑی سے بنے کمزور  پُل کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، ان پُلوں سے گزرتے ہوئے اسکول کے بچے خاص طور پر گھبراتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان نالوں پر ماضی کی طرح پُل تعمیر کیے جائیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو آسانی میسر آسکے۔

دوسری جانب ساڑھے 11 کلو میٹر طویل اورنگی نالے کے اطراف کے مکینوں کا مطالبہ ہے کہ نالہ جلد تعمیر کیا جائے، بار بار گھروں پر نشان لگنے سے لوگ پریشان ہورہے ہیں۔

مزید خبریں :