کھیل
Time 14 جنوری ، 2022

شاہین شاہ آفریدی کی اچھی یادیں کس میچ سے وابستہ ہیں؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے لیے سال 2021 انتہائی شاندار رہا، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں اچھا پرفارم کیا۔

یہی وجہ ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی سالانہ ایوارڈز کے لیے نامزدگی ہوئی جبکہ انہیں پی سی بی امپیکٹ فل پرفارمنس آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی ملا۔

شاہین شاہ آفریدی نے پی سی بی ایوارڈ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ پی سی بی ایوارڈ ملنا فخر کے لمحات ہیں، جس پرفارمنس پر ایوارڈ ملا اس میچ میں اچھا کرنا بہت ضروری تھا۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ بہت اہم تھا، ہم کبھی جیتے ہوئے نہیں تھے ہمیں جیتنا تھا اور میری فارم لگی ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا مجھے یہی تھا کہ میں اچھی بولنگ کروں گا اور پھر ایسا ہوا کہ ہم بھارت کے خلاف میچ جیتے اور ایوارڈ بھی جیتا جس کی بہت خوشی ہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاہین شاہ آفریدی نے ٹاپ کلاس بیٹسمینوں روہت شرما اور کے ایل راہول کو یکے بعد دیگرے اپنے پہلے اسپیل میں آؤٹ کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں میری اچھی یادیں ہیں، ہم نے پلان کیا ہوا تھا کہ ٹاپ سے وکٹیں لینی ہیں کیونکہ اگر اوپر سے وکٹیں لیں تو بھارتی بیٹنگ کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ جائے گی اور بھارتی ٹیم دباؤ میں آجائے گی اور ایسا ہی ہوا، اس لیے اس میچ کو میں اپنے لیے اب تک یادگار کہوں گا۔

مزید خبریں :