15 جنوری ، 2022
پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹیم میں شامل نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کو فٹ کرانا اپنا ہدف بنا لیا اور وہ کہتے ہیں کہ اعظم میں کافی ٹیلنٹ ہے، اگر وہ فٹنس پر کام کرلے تو کافی نام روشن کرے گا۔
جیو نیوز کو انٹرویو میں قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے پر جوش ہیں، کوشش ہوگی کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم اس ایونٹ میں بھی اچھا کھیل پیش کرے اور تیسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرے۔
شاداب خان نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشن میں بھی ٹیم اچھا کھیلی لیکن ٹورنامنٹ کا اختتام فتح کے ساتھ نہیں کرسکی، امید ہے کہ اس بار ایک قدم بہتر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی کور ٹیم برقرار ہے اور ہر اچھی ٹیم ایسا ہی کرتی ہے، ٹیم میں جو نئے کھلاڑی آئے ہیں وہ بھی اچھے ہیں اور جارح مزاجی کی اسلام آباد یونائٹیڈ کی سوچ کے مطابق پرفارم کرتے ہیں کیوں کہ آج کل کی کرکٹ میں ہٹرز کی کافی اہمیت ہے۔
ٹیم میں شامل نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان پر بات کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ اعظم کے ٹیلنٹ پر کسی کو شک نہیں، اس نے ماضی میں بھی پرفارم کیا ہے، امید ہے اس بار بھی پرفارم کریں گے، ٹیم میں اس کی فٹنس پر بھی کام کرنے کی کوشش کریں گے، اعظم میں سارا ٹیلنٹ موجود ہے بس فٹنس کا ایشو ہے اور وہ خود بھی اس پر محنت کررہا ہے، اگر اعظم کا فٹنس کا مسئلہ حل ہوجائے تو وہ بہت نام روشن کرسکتا ہے۔
ایک سوال پر اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں شامل ایمرجنگ پلیئرز خوش قسمت ہوتے ہیں کہ انہیں جلد ہی پاکستان سے کھیلنے کا موقع مل جاتا ہے، اس بار بھی ہریرہ، ذیشان ضمیر اور مصبر خان ٹیم میں شامل ہیں، امید ہے کہ اس بار بھی اسلام آباد کی ٹیم ایمرجنگ پلیئر پاکستان کو دینے کی روایت برقرار رکھے گی۔
شاداب نے کہا کہ وہ خود بھی بطور ایمرجنگ پلیئر اس ٹیم میں آئے تھے اور آج اس ٹیم کے ہی کپتان ہیں ، ایسا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لیے تمام ٹیمیں ہم پلہ ہیں، ہر کسی نے ڈرافٹ میں بہترین پلیئرز منتخب کیے ہیں لیکن کون کتنے پانی میں ہے اس کا اندازہ تو اس وقت ہی ہوگا جب ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور آل راؤنڈر ان کی کوشش ہوتی ہے کہ جہاں ہوسکے ٹیم کو جتوانے میں کردار ادا کریں، ان دنوں فارم اچھی ہے اور کوشش ہوگی کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران اس کا بھرپور فائدہ اٹھاکر ٹیم کو جتوانے کی کوشش کریں۔
شاداب خان نے کہا کہ راولپنڈی میں پی ایس ایل کے میچز کھیلنا مس کریں گے مگر امید ہے کہ کراچی اور لاہور میں بھی اسلام آباد یونائٹیڈ کو سپورٹ مل جائے گی، فینز جس بھی ٹیم کو سپورٹ کریں، یہ پاکستان کرکٹ کی سپورٹ ہوگی، کوشش کریں گے فینز کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے۔