20 جنوری ، 2022
محکمہ اینٹی کرپشن نے نسلہ ٹاور کیس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل منظور قادر کاکا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، 21 دیگر ملزمان بھی مقدمے میں نامزد کیے گئے ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی میں نسلہ ٹاور کی غیرقانونی تعمیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کےسابق ڈی جی منظورکاکا، نسلہ ٹاور کے مالک مزمل امین اورسندھی مسلم سوسائٹی کے چیئرمین غالب منصورسمیت 21 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں محکمہ ماسٹرپلان کے 4 اور ایس بی سی اے کے 10 افسران بھی نامزد ہیں۔ محکمہ ماسٹر پلان کے ای ڈی او حافظ جاوید، ولایت علی اور بشیر احمد بھی نامزد ہیں۔ایس بی سی اے کےآشکار داور، علی مہدی، صفدر مگسی اورفرحان قیصر بھی مقدمے میں نامزد کیے گئے ہیں۔
جمشید ٹاؤن کے مختیار کار خیر محمد ڈاہری سمیت ایس بی سی اے اور محکمہ ماسٹر پلان کےافسران بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔ اس کے علاوہ مقدمے میں سندھی مسلم سوسائٹی کےچیئرمین سمیت 5 ارکان نامزد کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی قرار دے کر گرانے کا حکم دیا تھا جس پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمہ داران کیخلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔