شرمیلا کی والدہ سے کیا ان کے بینک اکاؤنٹس کا پوچھتی؟ نادیہ خان

 پاکستان پیپلز  پارٹی کی رہنما اور  رکنِ سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے ٹی وی میزبان نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع  کروائے  جانے کے بعد  اداکارہ کا ویڈیو  بیان سامنے آگیا ہے۔

 نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل  پر شوہر کے ہمراہ  ویڈیو  شیئر کی جس میں انھیں  فیصل کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ ویڈیو بنانے پر گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ  کچھ روز قبل نادیہ خان کی شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے ناصرف کچھ صارفین نے ناپسند کیا بلکہ خود شرمیلا کو بھی وہ ویڈیو مناسب نہیں لگی جس پر انہوں نے نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم ونگ میں گزشتہ روز درخواست جمع کروائی ہے۔

شرمیلا کی والدہ سے بیٹی کے اکاؤنٹس بیلنس کا پوچھتی؟نادیہ کا ویڈیو بیان

 تاہم اب اس حوالے سے نادیہ خان کا اپنے ویڈیو بیان میں  کہنا تھا کہ مجھے یہ بتائیں کہ  شرمیلا فاروقی کی والدہ سے کیا پوچھتی؟ یہ پوچھتی کہ آپ کی بیٹی کے اکاؤنٹ کا بیلنس کیا ہے؟ یا پھر  آپ کا بیلنس اکاؤنٹ کیا ہے ؟ کیا میں ان سے اس طرح کی ذاتی  باتیں کرتی؟ لہٰذا میں نے شرمیلا کی والدہ سے وہ بات کی جو انھیں خوش کر دیتی۔ 

نادیہ نے اپنی ویڈیو میں صارفین سے سوال کرتے ہوئے کہا آپ بھی اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ  ہم جب کسی کی شادی پر جاتے ہیں تو کیا کہتے ہیں؟ آنٹی آپ نے کتنا پیارا ڈریس پہنا ہے، آپ کا میک اپ کتنا اچھا ہے، کہاں سے سیکھا یا آپ کس پارلر گئیں  یہ میک اپ کروانے؟ آپ کا ہیئر اسٹائل کتنا اچھا لگ رہا ہے؟ میں نے وہی سے ایسا ہی ہیئر اسٹائل بنانا ہے۔

نادیہ خان نے کہا کہ  ہم خواتین شادیوں میں ایسے ہی سوال کرتی ہیں، میں ان سے اور کیا پوچھتی اور  یہی سچ ہے کہ  میں نے ان کی دل سے تعریف کی، میں نے ان سے کہا تھا کہ مجھے  وہ خواتین بہت اچھی لگتی ہیں جو ہر عمر میں اپنا خیال رکھتی ہیں۔

 ویڈیو میں نادیہ نے اپنے شوہر فیصل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل بھی یہی رائے رکھتے ہیں ۔

میں نے انھیں لال جوڑے میں دیکھا مجھے لگا ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے:نادیہ خان

اداکارہ نے کہا کہ  میں نے انھیں (شرمیلا کی والدہ ) کو لال جوڑے میں دیکھا تو مجھے لگا انھوں نے محنت کی ہے، وہ شادی کی تقریب میں اکیلی آئی ہیں تو ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے لہٰذا  میں نے ان کی حوصلہ افزائی کی جس پر وہ بے حد خوش ہوئیں۔

نادیہ نے اپنے پیغام میں رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ شرمیلا نے میرے لیے بے شرم کا لفظ استعمال کیا ، کیا انھیں شرم نہیں آئی؟ 

نادیہ نے اس حوالے سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا کہ بس بہت ہوگیا، لوگوں اور میڈیا کو بیوقوف بنانا بند کریں۔


یاد رہے کہ اس  سے قبل نادیہ خان نے ایک نجی ٹی وی سے مختصراً گفتگو کی تھی  اور اس معاملے پر کہا تھا کہ انہوں نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو ڈیلیٹ کردی ہے، اب جنہیں سائبر کرائم جانا ہے، اپنا شوق پورا کرلیں۔

نادیہ نے بات جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ شرمیلا فاروقی کی باتوں پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتیں، اگر انہوں نے کچھ کہا تو بات مزید بڑھے گی اور معاملہ دوسرا رخ اختیار کرلے گا۔

مزید خبریں :