Time 21 جنوری ، 2022
پاکستان

کراچی میں گزشتہ سال یوم آزادی پر دستی بم حملہ رقم دیکر کرائے جانے کا انکشاف

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دہشتگردی بھی آؤٹ سورس کردی گئی ہے اور  مواچھ گوٹھ کے قریب گزشتہ سال یوم آزادی پر دستی بم حملہ رقم دیکر کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

رقم دیکر حملہ کروانے کی جیونیوز کو تصدیق سینیئر سکیورٹی اورپولیس حکام نے کردی ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ سال یوم آزادی پرشادی کی تقریب سےواپس آنے والے منی ٹرک پر دستی بم حملہ رقم دے کرکرایاگیا تھا، حملہ دہشتگردی کی واردات تھی جس کا مقصد خوف پھیلانا تھا۔

حکام نے بتایا کہ کالعدم قوم پرست جماعت نے یوم آزادی سبوتاژ کرنے کیلئے حملہ کروایا، حملہ کروانے کیلئے 2 سے 3 لاکھ روپے ادا کیے گئے اور ممکنہ طور پر لیاری گینگ وار یا سیاسی جماعت کے کارکن اس میں استعمال کیے گئے۔

حکام کے مطابق حملے کی ذمےداری جان بوجھ کر قبول نہیں کی گئی جس کی اہم وجہ تھی اور وہ یہ کہ کالعدم قوم پرست جماعت کی قیادت افغانستان میں موجود ہے اور ذمےداری قبول کی صورت میں افغانستان میں ان کے وہاں قیام میں مشکلات ہوسکتی تھی کیونکہ نشانہ بننے والے تمام پختون تھے۔

حکام نے یہ قبول کیا کہ تمام تر معلومات کے باوجود تاحال حملہ کرنے والے ملزمان گرفتار نہیں کیے جاسکےہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 14اگست پر ہونے والے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :