پاکستان
Time 27 جنوری ، 2022

‎عمران خان کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا: ترجمان ن لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن)  کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ سامنے لانے اور کیس کی سماعت لائیو دکھانے کا مطالبہ کر دیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے اور زیر التوا مسئلے پر قانون و انصاف کے تقاضے بلا تاخیر پورے کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا ہے، شوکت خانم ڈونرز کو بطور پارٹی ڈونر اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں ڈالنا خوفناک انکشاف ہے، 35 فیصد ڈونرز نے پی ٹی آئی کو چندہ نہیں دیا تھا، جعلسازی سے ان 35 فیصد ڈونرز کی فہرست کو فارن فنڈنگ کی فہرست میں ڈالا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، عمران خان نے شوکت خانم کے چندےکو سیاسی فنڈز میں بدل کر جرم کیا، فارن فنڈنگ کیس میں 8 والیمز اِسی لیے چھپائےجا رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ کرپشن، منی لانڈرنگ اور غیرملکی غیرقانونی سرمائے کی تفصیل خفیہ رکھی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق اسٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی ملازمین کے نجی اکاؤنٹس میں رقوم منگوائیں، عمران صاحب کے غیر ملکی بینکوں میں اکاؤنٹس کی تفصیل آنا باقی ہے۔

مزید خبریں :