Time 02 فروری ، 2022
دنیا

سعودی شوریٰ کونسل نے قومی پرچم کے قانون میں ترمیم کی منظوری دیدی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سعودی عرب کی شوریٰ کونسل نے قومی پرچم، قومی نشان اور قومی ترانےکے قانون میں ترمیم کے مسودے کو کثرت رائے سے منظور کرلیا ۔

سعودی اخبار سعودی گزٹ کے مطابق شوریٰ کونسل نے قومی پرچم، نشان اور قومی ترانے کے قانون میں ترمیم کے مسودے کو کثرت رائے سے منظور کیا ہے تاہم اس میں  ترانے اور پرچم کے مواد میں تبدیلی شامل نہیں ہے۔

سعودی اخبار کے مطابق اس ترمیم کا مقصد  کلمے والے سبز پرچم، ریاست کے قومی نشان اور ترانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی میں اضافہ کرنا ہے اور قومی پرچم کو بے حرمتی اور نظرانداز کیے جانے سے روکنا ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق ترمیم میں قومی پرچم اور ترانےکی بے حرمتی کرنے والوں کے لیے سزاؤں کی مزید وضاحت کرکے اس حوالے سے قوانین میں موجود خلا کو پرکیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تلوار اور کلمہ طیبہ سے مزین سعودی عرب کے موجودہ پرچم کی منظوری جدید سعودی عرب کے تیسرے فرمانروا شاہ فیصل بن عبد العزیز نے 1973 میں دی تھی  جب کہ موجودہ قومی ترانہ 1984 میں منظور کیا گیا تھا اور ریاست کا سرکاری نشان 'جو کہ 2 تلواروں اور ایک کھجور کے درخت پر مشتمل ہے' 1950 میں اپنایا گیا تھا۔

سعودی اخبار کا مزید کہنا ہےکہ پرچم اور قومی ترانے کے قانون میں ترمیم کا مقصد انہیں حالیہ برسوں میں ہونے والی اصلاحات اور تبدیلیوں کے ساتھ سعودی وژن 2030 کی ترقیاتی پیش رفت سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

مزید خبریں :