02 فروری ، 2022
پنجاب کے نئے بلدیاتی ترمیمی بل پر حکومت اوراپوزیشن میں اتفاق رائے نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کی سفارشات کے بغیر عددی طاقت سے بل منظورکروانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میئر اور بلدیاتی نمائندے خود مختاربنانے کی خواہاں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن یونین کونسل اورمیئرکا انتخاب ایک ہی روز کروانا چاہتی ہے جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ پہلے یونین کونسل پھر میئر کا الیکشن ہوگا۔
ن لیگ نے سفارش کی ہے کہ یونین کونسل کے الیکشن کے دن میئر کا انتخاب کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال پربھی حکومت اوراپوزیشن کے درمیان اختلاف ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے نہ ہونے پرکل بل قائمہ کمیٹی سے منظور کروائے جانے کا امکان ہے جس کے بعد بل پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔