31 اکتوبر ، 2012
نیوجرسی /نیویارک…ہولناک طوفان ”سینڈی“ سے امریکی ریاستیں نیوجرسی اور نیویارک شدید متاثر ہوئی ہیں۔ گورنرنیوجرسی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں آٹھ روز لگ سکتے ہیں۔ نیویارک کے میئرمائیکل بلوم برگ کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ سمندری طوفان سینڈی سے متاثر امریکی ریاست نیوجرسی کے گورنر کریس کرسٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سپر طوفان سے ہونے والی تباہی ناقابل تصور ہے۔ اٹلانٹک سٹی میں سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ شہر میں بجلی کی فراہمی بحال ہونے میں آٹھ دن تک لگ سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ریاست میں طوفان کے باعث29 اسپتالوں کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ بیشتر ریلوے ٹریک کو طوفان سے نقصان پہنچا ہے۔ نیویارک شہرکے میئرمائیکل بلوم برگ نے کہاکہ ان کی تمام ترتوجہ لوگوں کی زندگی بچانے پرہے۔ نیویارک کے میئرکا کہنا تھا کہ شہرمیں کم ازکم18 افراد ہلاک ہوئے۔