03 فروری ، 2022
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات دہشت گرد حملے پسپا کرنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کیا، کلیئرنس آپریشن مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے تھا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان کے مطابق پنجگور میں اب تک 4 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، 4 سے 5 دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں شدید فائرنگ کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 4 فوجی زخمی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نوشکی میں مجموعی طور پر 9 دہشت گرد مارےگئے اور دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے پاک فوج کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد اور ان کے ہینڈلرز بھارت اور افغانستان میں رابطے میں تھے۔