05 فروری ، 2022
اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) کے عملے نے کراچی بندرگاہ پر کارروائی کرکے برطانیہ کیلئے بک کیے گئے سینٹری کے سامان اور پائپ کے کنٹینرز سے 360 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔
اے این ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایوب کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر اے این ایف کے عملے نے کراچی بندرگاہ کے ساؤتھ ایشین پاکستان ٹرمینل پر کارروائی کی اور ایک کنٹینر کو قبضے میں لے کر تلاشی لی گئی۔
حکام نے بتایا کہ قبضے میں لیے گئے کنٹینر میں موجود باتھ روم کے لوازمات کا باریک بینی سے معائنہ کیا تو 1200 سینیٹری پائپ مشکوک پائے گئے اور آپریشن کے دوران ہر پائپ میں 300 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جو انتہائی خفیہ طریقے سے چھپائی گئی تھی جبکہ مجموعی طور پر 360 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق یہ کنٹینر کراچی ملیر کے کمپنی الرحیم امپیکس انٹرنیشنل کی طرف سے مصطفیٰ کے نام یونٹ 2، سویٹ 7D یا ویل ہاؤس شمالی آئرلینڈ یو کے بھجوایا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق اس سلسلے میں فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، اس کارروائی کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔