09 فروری ، 2022
کراچی سے چھینی اورچوری کی گئی فور وہیل گاڑیوں کے بلوچستان کی آئل فیلڈز میں استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گزشتہ دنوں شارع نور جہاں سے ایک کار لفٹر منظور عرف بافا کو گرفتارکیا تو اس نے انکشاف کیا کہ اس نے 5 سالوں (جنوری 2017 سےاکتوبر 2021 تک) میں کم از کم 35نئی فور وہیل گاڑیاں چھینی یا چوری کیں۔
ملزم نے بتایا کہ ان گاڑیوں کو کراچی سے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی لے جایا گیا، جہاں ایک منظم گینگ موجود ہے، وہاں ان گاڑیوں کے جعلی کاغذات، رجسٹریشن اور چیچز نمبرز بنائے گئے اور پھر باقاعدہ تحریری معاہدوں کے بعد ان میں سے بعض گاڑیوں کو پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) کو تحریری معاہدوں کے بعدکرائے پر دے دیا گیا۔
پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ محکمہ داخلہ کے ذریعے پی پی ایل اور او جی ڈی سی ایل کو خط لکھے، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے مقامی طور پر ان فیلڈز اورکمشنر اسلام آباد نے پی پی ایل اور او جی ڈی سی ایل ہیڈکوارٹرز کو خطوط لکھے تاہم تاحال کسی خط کا جواب نہیں ملا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ان 35گاڑیوں میں سے 5 کو پولیس نے اپنےطور پر بلوچستان سے برآمد کیا تاہم دیگر چھینی گئی 30گاڑیاں کہاں ہیں تاحال ان کا کچھ پتا نہ چل سکا۔
ایک محتاط اندازےکے مطابق ہر گاڑی کی قیمت کم از کم 40 لاکھ روپے سے زائد ہے۔