12 فروری ، 2022
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مانچسٹر سے اسلام آباد کی پرواز سے لاپتہ بیگ برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا جس میں 42 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی موجود تھا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافر نائب خان 28 جنوری کو مانچسٹر سے اتحاد ائیرویز کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے، جہاز سے اترنے کے دوران طیارے کے کیبن سے ان کے دستی سامان میں شامل ایک بیگ لاپتہ ہو گیا تھا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ مسافر کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شکایتی سیل کو آگاہ کیا گیا جس پر اسلام آباد ائیرپورٹ کی ٹیم نے آئی پی ایم مسٹر عدنان کی قیادت میں کام شروع کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ائیرپورٹ کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسی پرواز کے ایک اور مسافر رب نواز کی نشاندہی کی جنہیں لاپتہ بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، عملے نے اس مسافر کا ڈیٹا حاصل کیا اور مسافر کے فراہم کردہ نمبر کا سراغ لگایا اور رابطہ کرکے انہیں ائیرپورٹ بلوایا۔
ترجمان کے مطابق حالات و واقعات سے ظاہر ہوا کہ مسافر رب نواز دوسرے مسافر نائب خان کا دستی بیگ غلطی سے لے کر گئے تھے، کمپلینٹ سیل اور متاثرہ مسافر نے اسے متفقہ طور پر مسافر رب نواز کی غیر مجرمانہ حرکت قرار دیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے کے 13 دن بعد قیمتی بیگ اصل مالک نائب خان کے حوالے کر دیا گیا۔
نائب خان نے آئی آئی اے پی کے عہدیداروں کی محنت اور لگن کی بے حد تعریف کی اور دوسرے مسافر کے خلاف کوئی الزام نہ لگانے کا انتخاب کیا اور بیگ لاپتہ ہونے کے عمل کو ایک معصوم غلطی قرار دیا۔