13 فروری ، 2022
کراچی سے جڑے بلوچستان کے علاقوں سے پُراسرار لاشیں ملنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز حب کے قریب سے ملنے والی لاش کو ہتھکڑی لگی تھی جبکہ اسی علاقے سے حب ندی میں تیرتی زنجیروں سے بندھی لاش کراچی پہنچی۔
سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق رات گئے منگھوپیر کے علاقے میں حب ڈیم سے کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی حب کینال سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے زنجیروں سے باندھا گیا تھا، لاش بلوچستان سے تیرتی ہوئی کراچی کی حدود میں پہنچی۔
سہائی عزیز کے مطابق لاش کی شناخت نہیں ہو سکی، نادرا حکام سے رابطہ کرکے بائیو میٹرک کے ذریعے متوفی کی شناخت کی جائے گی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حب میں لسبیلہ کے قریب ڈام کے ساحل سے بھی دو روز قبل ایک شخص کی ہتھکڑی لگی لاش برآمد ہوئی تھی جسے ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے آر ایچ سی وندر اسپتال منتقل کیا تھا، اس لاش کی فوری شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
ایدھی ذرائع کے مطابق لاش کے کپڑوں اور وضع قطع سے متوفی کے کسی کھاتے پیتے گھرانے سے تعلق کا شبہ ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ وندر قاضی صابر نے بتایا تھا کہ اس لاش کو پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے کی غرض سے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔