16 فروری ، 2022
کراچی میں ساحل سمندر کی رنگینیاں لوٹنے لگی ہیں، کئی دہائیوں بعد گزشتہ روز مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے اپنی بیگمات کے ہمراہ ہاکس بے کی فرنچ بیچ پر خوبصورت شام گزاری۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں قطر کے قونصل جنرل مشعل ایم الانصاری نے کراچی میں نئے تعینات ہونے والے جرمن قونصل جنرل ہولگر زیلگر اور قونصل جنرل فرانس کرسچن ٹیسٹوٹ کے اعزاز میں ہاکس بے میں فرنچ بیچ پر ایک خوبصورت شام کا اہتمام کیا جس میں کراچی کے قونصل جنرلز کی ایسوسی ایشن کے سربراہ اور سینئر ترین جاپانی سفارتکار توشی کازو ایسومورا خاص طور پر مدعو تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتکار اپنی بیگمات کے ہمراہ گزشتہ روز سہہ پہر کو شہر کے خوبصورت ساحل ہاکس بے پہنچے اور رات گئے تک سحر انگیز موسم اور سمندر سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
اس کے علاوہ سفارتکاروں نے فرنچ بیچ سے ڈھلتے سورج کی کرنوں سے چمکتی ریت پر یادگار وقت گزارا جبکہ کورونا وائرس ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایک درجن سے بھی کم انتہائی مختصر مہمان مدعو تھے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر خاص مشروبات کا بھی اہتمام کیا گیا تھاجبکہ کچھ غیر ملکیوں نے اٹکھلیاں کیں اور کچھ نے ریت پر واک کی۔
قونصل جنرلز کے مطابق فرنچ بیچ سے غروب آفتاب کا نظارہ انتہائی خوبصورت تھا اور رات کو پورے چاند کے منظر نے ان کے دل موہ لیے، سفارتکاروں نے ان خوبصورت مناظر کو فلمبند کیا اور تصاویر بھی بنائیں۔
اس کے علاوہ رات کو سمندر کی محسور کن لہروں کی پرسوز آواز کے ساتھ ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ فرنچ بیچ پر کئی گھنٹے کا وقت گزار کر سفارتکار اور اہلخانہ انتہائی خوش اور پرجوش دکھائی دیے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق طویل عرصے بعد فرنچ بیچ پر غیرملکیوں کو دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی۔