18 فروری ، 2022
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران گینگ ریپ میں ملوث اور مقابلے میں ہلاک دوسرا ملزم جاوید شریف بھی راجن پور میں خاتون سے زیادتی سمیت 6 مقدمات میں ملوث نکلا۔
سینئر سپرٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم محمد جاوید ولد محمد شریف عرف بادل راجن پور شہر کی ٹھیڑی کالونی کے وارڈ نمبر 4 کا رہائشی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ملزم محمد جاوید کا ضلع راجن پور کے مختلف تھانوں میں ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے۔
سہائی عزیز کے مطابق ملزم محمد جاوید کے خلاف راجن پور سٹی تھانہ میں سال 2018 میں امتناع منشیات کی ایف آئی آر نمبر 56/18 درج ہوئی جس میں ملزم کو سزا ہوئی اور وہ قید کاٹ چکا تھا، محمد جاوید کے خلاف راجن پور سٹی میں ایک اور ایف آئی آر نمبر 208/18 زیر دفعہ 354، 337 اے، 337 ایف اور 34 درج ہوئی جس میں ملزم کے خلاف چالان داخل کیا گیا تاہم اس مقدمے میں ملزم ضمانت پر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ راجن پور سٹی تھانے میں ہی ملزم کے خلاف گزشتہ سال ایف آئی آر نمبر 874/21 زیر دفعہ 341 427 337h درج کی گئی جس میں وہ فرار تھا، ملزم محمد جاوید ضلع راجن پور کے تھانہ محمد پور میں زیر دفعہ 381 اے، 457 اور 380 درج ایف آئی آر نمبر 533/18 میں ملوث تھا۔
سہائی عزیز کا کہنا تھاکہ ملزم کے خلاف راجن پور کے ایک اور تھانہ فاضل پور میں بھی زیر دفعہ 462 آئی ایف آئی آر نمبر 417/19 ہوئی جس میں پولیس نے ملزم کے خلاف چالان داخل کیا اور وہ ضمانت پر تھا۔ ملزم کے خلاف فاضل پور تھانہ میں ہی زیر دفعہ 452، 353، 337 ایچ، 337 آئی، 148 149 ایف آئی آر نمبر 736/19 درج ہوئی۔
ایس ایس پی سہائی عزیز کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم محمد جاوید تین سال قبل خاتون سے زیادتی اور تشدد کے علاوہ چوری اور منشیات کے مقدمات میں ملوث رہا۔