01 مارچ ، 2022
قمبرشہداد کوٹ میں پولیس کی کارروائی کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس سے متعلق پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث تھا۔
ایس ایس پی کےمطابق قمبرشہداد کوٹ اورکراچی پولیس نےمشترکہ کارروائی کی جس میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا جس کی شناخت انورحسنی بروہی کےنام سےہوئی۔
پولیس نےبتایا کہ ملزم کراچی میں صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث تھا اور ملزم کے دوسرے ساتھی اشرف کو 26 فروری کو منگھوپیر سندھ بلوچستان بارڈر سےگرفتارکیاگیا تھا، ملزم انور اور اشرف نےموٹرسائیکل چھیننےکےدوران مزاحمت پرگولی چلائی تھی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم انورکی گرفتاری کے لیے 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا اور ملزم کےخلاف 13 مقدمات درج تھے، ملزم 2014 سے وارداتوں میں ملوث تھا اور تین مرتبہ گرفتارہوچکا تھا جب کہ ملزم ہر بارضمانت پر رہا ہوکروارداتیں کرتا تھا۔
دوسری جانب صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں جس میں جائے وقوعہ سے ملنے والےخول کی فارنزک رپورٹ بھی آگئی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہےکہ اطہرمتین کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ پہلے بھی واردات میں استعمال ہوا ہے، چندروزقبل گلبرگ میں بھی اسی اسلحے سے شہری پرفائرنگ کی گئی تھی، جائے وقوعہ سے ملنے والا تیس بور کا خول گلبرگ واقعہ سے میچ کرگیا ہے۔