05 مارچ ، 2022
گزشتہ روز پشاور کی ایک مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے سے متعلق کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور کا کہنا ہے کہ جمعے کے دن حساس مساجد پر پولیس تعینات کی گئی تھی۔
سی سی پی اوپشاور نے کہا کہ پولیس نے سکیورٹی کیلئے اپنی کوئی کسرنہیں چھوڑی، جس مسجد میں دھماکا ہوا اس کے گیٹ پر 2 کانسٹیبلز تعینات تھے، مسجد کے گیٹ پر چیکنگ کیلئے ایک کانسٹیبل غیر مسلح اور دوسرا اسلحے سے لیس تھا۔
سی سی پی اوپشاور کے مطابق خودکش حملہ آور اپنے طریقہ واردات سے کافی تربیت یافتہ لگ رہا تھا، اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے تین سے چار سال تربیت حاصل کی تھی،حملہ آور نے سب سے پہلے مسلح کانسٹیبل کونشانہ بنایا اور ڈیڑھ سیکنڈ میں ہی دوسرے کانسٹیبل کو سینے پرگولی ماری۔
سی سی پی اوپشاور کے مطابق غیرمسلح کانسٹیبل سینے میں گولی لگتےہی دوڑا تھا۔
خیال رہے کہ حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے بعد مسجد کے اندر جاکر منبر کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا۔ اس حملے میں 60 سے زائد افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔