08 مارچ ، 2022
دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن 4 مارچ کو تھائی لینڈ کے سموجانا نامی عالیشان ولا میں مردہ حالت میں پائےگئے تھے۔
شین وارن نے اپنی موت سے قبل آخری لمحات تین ساتھیوں کے ہمراہ تھائی لینڈ کے ایک پرتعیش ولامیں گزارے۔
غیر ملکی میڈیا میں سموجانا ولا کے اندرونی مناظر شیئر کیے گئے ہیں اور اس ولا کے ایک دن کے کرائے سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے۔
سموجانا ولا میں ایک رات قیام کا کرایہ ایک ہزار ڈالر سے 4 ہزار ڈالر کے درمیان ہے جہاں سے سموئی جزیرے کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے علاقے چیونگ مون کے ائیرپورٹ سے صرف 10 منٹ کے فاصلے پر پہاڑی علاقے کے کنار ے پر کرسٹل کی طرح صاف شفاف سمندر اور سفید ریت کے درمیان سمو جانا ولا واقع ہے۔
اس علاقے میں 23 ولا ز ہیں اور ہر ولا ایک سے 8 بیڈروم پر مشتمل ہے، ہر ولا کا اپنا انفنیٹی پول ہے جہاں آنے والے سیاح نہ صرف تھائی لینڈ کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ ولا میں مکمل انٹرٹینمنٹ کی سہولیات ہیں۔
عالیشان ولا 1600 مربع میٹر پر واقع ہے جس کا ہر بیڈروم پول کے درمیان سنی بیڈ پر مشتمل ہے۔
رپورٹس کے مطابق شین وارن چار دوستوں کے ہمراہ تھائی لینڈ کے دورے پر تھے اور موت سے صرف 24 گھنٹے قبل سابق کرکٹر کو ائیرپورٹ پر خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا تھا۔