07 مارچ ، 2022
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پشاور دھماکے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے سمیت افغانستان کی صورت حال پر غورکیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت عسکری حکام شریک ہوئے، شرکاء کو ملکی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد اورپشاور دھماکے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،افغانستان کی موجودہ صورت حال اور دیگر امورپر بھی زیر غور آئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شریک تھے۔
ایپکس کمیٹی کے اعلامیےکے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور نفرت انگیز تقاریرکے لیے زیرو ٹالرنس ہے، مکمل سپیکٹرم اور قومی ایکشن پلان کا بھرپور نفاذ ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بےامنی پھیلانے والےعناصر کو شکست دینے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔