10 مارچ ، 2022
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ عدم اعتماد پر تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے اور پریشانی کی کوئی بات نہیں، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، فواد چوہدری، فرخ حبیب اور قانونی ٹیم نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد،موجودہ صورتحال اور قانونی پہلوؤں پر تجاویز دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں تفصیلی گفتگو کی اور اتحادیوں کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، ان کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے جب کہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہو لینے دیں ہم سرپرائز دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اور اب بھی کروں گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر بھی قابو پا لیں گے، تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔