Time 11 مارچ ، 2022
پاکستان

یہ بھارت کا کیسا دفاعی نظام ہے کہ اپنےمیزائلز پرکنٹرول ہی نہیں؟ فرخ حبیب

دنیا کو نوٹس لینا چاہیے کہ کیا بھارت کے دفاعی نظام میں اتنی سکت ہے کہ وہ اپنے ایٹمی میزائلز کو بھی سنبھال سکتے ہیں؟ وزیر مملکت— فوٹو: فائل
دنیا کو نوٹس لینا چاہیے کہ کیا بھارت کے دفاعی نظام میں اتنی سکت ہے کہ وہ اپنے ایٹمی میزائلز کو بھی سنبھال سکتے ہیں؟ وزیر مملکت— فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ‏یہ بھارت کا کیسا دفاعی نظام ہے کہ  اپنےمیزائلز  پرکنٹرول ہی نہیں؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ ’یہ بھارت کا کیسا دفاعی نظام ہے جن کو اپنے میزائلز پر کنٹرول ہی نہیں ہے؟ دنیا کو نوٹس لینا چاہیے کہ کیا بھارت کے دفاعی نظام میں اتنی سکت ہے کہ وہ اپنے ایٹمی میزائلز کو  بھی سنبھال سکتے ہیں؟ ان کے دفاعی نظام کی کمزوریاں خطے کے امن کیلئے بھی خطرہ بن گئی ہیں۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ شب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ہنگامی پریس کانفرنس کی تھی اور بتایا تھاکہ 9 مارچ کو 6 بج کر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک 'شے' نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یہ ایک سوپر سونک پروجیکٹ تھا جو ممکنہ طور پر میزائل تھا اور غیر مسلح تھا، یہ آبجیکٹ بھارت میں سو کلو میٹر اندر تھا، تبھی ہم نے اسے نوٹس کرلیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستانی فضائی حدود میں وہ چیز 3 منٹ اور چندسیکنڈ تک رہی اور 260 کلومیٹر اندر تک سفر کیا، اس کے خلاف ضروری کارروائی بروقت کرلی گئی، پاک فضائیہ نے اس کی مکمل نگرانی کی اورپتا چلایا کہ وہ بھارتی علاقے سرسا سے آئی تھی۔

اب اس معاملے پر بھارت کا بیان بھی سامنے آگیا ہے جس کا کہنا ہے کہ معمول کی دیکھ بھال کے دوران، ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے بدھ کو میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا جو پاکستان کے ایک علاقے میں گرا۔

بھارتی وزارت دفاع نے میزائل داغنے کو فوج کی ’غلطی ‘ تسلیم کرتے ہوئے واقعے کو ’انتہائی افسوسناک‘ قرار دیا اور کہا کہ واقعے میں کسی انسانی جان کے نقصان کا نہ ہونا باعث اطمینان ہے۔

بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حکومت نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم بھی دیاہے۔

مزید خبریں :